پیر, مارچ 31, 2014

زوجین ایک دوسرے کے تئیں اپنی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں

خاندانی نظام کی تشکیل مرداورعورت کے دوجوڑے سے ہوتی ہے،امت کے فعال اورمتحرک افراد یہیں تیار ہوتے ہیں ،اسی لیے شریعت اسلامیہ نے خاوند اوربیوی دونوں کوکچھ حقوق وآداب کامکلف بنایا،بیوی کے کچھ حقوق گنائے گئے توشوہرکے بھی کچھ حقوق طے کیے گئے تاکہ ازدواجی زندگی خوشگوار گذرسکے اوراس پرسکون ماحول میں نئی نسل کی اچھی  تربیت ہوسکے،آئیے ذیل کے سطورمیں ہم ان حقوق پرایک طائرانہ نظرڈالتے ہیں جوشوہر اور بیوی دونوں سے متعلق ہیں۔شوہراوربیوی کے حقوق بعض مشترکہ ہیں اور بعض ہرایک کے لیے علیحدہ علیحدہ ہیں۔

مشترکہ حقوق :

(۱) امانت : شوہر بیوی دونوں ایک دوسرے کے لیے امانت ہوتے ہیں ،ایک دوسرے کےاسرار کی حفاظت کرنے والے ہوتے ہیں ،ان کے آپسی راز کسی دوسرے تک کسی صورت میں نہیں پہنچ سکتے، میاں بیوی دونوں کو چاہیے کہ ازدواجی زندگی میں اس پہلو کوپیش نظر رکھیں ۔
(۲) محبت اوررحم دلی کا جذبہ : شوہر بیوی دونوں کے اندر ایک دوسرے کے لیے محبت اور رحم دلی کے جذبات پائے جاتے ہوں، دونوں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں، پاکیزہ رشتہ قائم ہوتے ہی یہ جذبات فطری طورپر میاں بیوی میں پیدا ہوتے ہیں البتہ دونوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے شریک زندگی کے تئیں ہمہ وقت ان جذبات کو اپنے دل میں بیدار رکھیں ۔
(۳) باہمی اعتماد : شوہر بیوی دونوں ایک دوسرے پر کلی طورپر اعتماد کرتے ہوں،اگر ازدواجی زندگی میں شکوک وشبہات در آئے تو ازدواجی زندگی سوہاں روح بن جاتی ہے جس کا نتیجہ بسااوقات علیحدگی اور طلاق پر منتج ہوتا ہے ۔ 

بیوی کے حقوق :

شوہرپربیوی کے کچھ مالی اور کچھ غیرمالی حقوق لازم ہوتے ہیں، مالی حقوق میں مہر کی ادائیگی ،نان ونفقہ اوررہائش ہے جبکہ غیر مالی حقوق میں عدل وانصاف ،حسن معاشرت اوربیوی سے ہر تکلیف کو دور کرنا ہے ۔ ذیل میں انہیں بیان کیا جارہا ہے :
(۱) مہر کی ادائیگی : مہر اللہ کی طرف سے واجب کیا ہوا حق ہے ،اللہ تعالی نے فرمایا:
وآتوا النساء صدقاتھن نحلة (النساء 4)
 ” اورعورتوں کو ان کے مہر راضی خوشی دے دو “۔البتہ مہر شادی کی صحت کے لیے ضروری نہیں، بغیر مہر کے بھی شادی صحیح ہوگی البتہ بیوی کا یہ حق ہے جس کی ادائیگی ضروری ہے ۔
(۲) نان ونفقہ : جب بیوی شوہر کے گھر آتی ہے تو گویا اس کے لیے خود کو فارغ کرتی ہے،اب شوہر کی ذمہ داری بن جاتی ہے کہ اس کے نان ونفقہ کا انتظام کرے۔اللہ تعالی نے فرمایا:
 وعلی المولود لہ رزقھن وکسوتھن بالمعروف ( البقرة 233)
 ”اورجن کے بچے ہیں ان کے ذمہ عورتوں کا روٹی کپڑا اوررہائش دستور کے مطابق ہے“۔
بخاری اورمسلم کی روایت ہے ،حضرت ابوسفیان کی بیوی ہند اللہ کے رسولﷺکی خدمت میں آئی اور کہنے لگی :ابوسفیان بخیل آدمی ہیں وہ اتنا نہیں دیتے جس سے میرے اورمیرے بچے کے لیے کافی ہوسکے ،اگر میں اس کے علم کے بغیر اس کے مال میں سے کچھ لے لوں تو کیا گناہ ہوگا ؟ آپ ﷺ نے فرمایا:
خذی ما یکفیک وولدک بالمعروف ۔
”اچھے انداز سے لے لے جو تیرے اورتیرے بچے کے لیے کافی ہو “۔
(۳) رہائش : شوہر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنی حیثیت کے مطابق بیوی کو پرسکون رہائش فراہم کرے ۔اللہ تعالی نے فرمایا: أسکنوھن من حیث سکنتم (الطلاق 6) ”تم ان کو اسی جگہ رکھوجہاں تم رہتے ہو“۔
(۴) تعلیم وتربیت : شوہر کی ذمہ داری ہے کہ بیوی کو دین کی تعلیم دے ، اللہ کی توحید ، عبادات ،حلال وحرام اورجائز ناجائز کی تعلیم دے۔ اللہ تعالی نے فرمایا:
 یا أیھا الذین آمنوا قوا أنفسکم وأھلیکم نارا ( سور ہ التحریم 6)
 ”اے ایمان والو! اپنے آپ کو اوراپنے گھر والوں کو جہنم کی آگ سے بچاؤ “۔ صحیح مسلم کی روایت ہے ،سیدہ عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ اللہ کے رسولﷺ جب رات میں وتر پڑھتے تو سیدہ عائشة ؓ کو جگاتے اور کہتے کہ عائشہ ! اٹھو اوروتر پڑھ لو ۔
(۵) عزت کی حفاظت : شوہر کے لیے بیوی کی عزت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ،اس لیے شوہر کوغیرت مند بننا چاہیے،شوہر کو چاہیے کہ اپنے قریبی رشتے داروں (بھائی ،بھانجا اوربھتیجا وغیرہ )کو بیوی سے بے تکلف نہ ہونے دے ، بلکہ ان سے پردہ کرنے کی تاکید کرے ۔بخاری اورمسلم کی روایت ہے ،اللہ کے رسولﷺنے فرمایا:
إیاکم والدخول علی النساءقالوا : أرایت الحمو ؟ قال : الحمو الموت ۔
 اپنے آپ کو عورتوں پر داخل ہونے سے بچاؤ،لوگوں نے کہا: اے اللہ کے رسول! مردکے قریبی رشتے داروں کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے ؟ آپ نے فرمایا : قریبی رشتے دار تو موت ہے ۔ یعنی ہلاکت کا سبب ہے ۔
عورت کو پردے کا اہتمام کرنے کی تاکیدکرے ،اور پردہ میں چہرہ کا پردہ شامل ہے کیونکہ چہرہ ہی سرچشمہ محاسن ہے ۔عورت کو گھر سے بے فائدہ نہ نکلنے دیں ،ضرورت کے تحت پردے کااہتمام کرتے ہوئے نکلنے میں کوئی حرج کی بات نہیں تاہم بن سنورکر ایسے پروگراموںمیں شرکت کرنا جس میں مردوزن کا اختلاط ہو قطعادرست نہیں ۔
(۶) حسن معاشرت : یہ ہے کہ شوہر معروف طریقے سے بیوی کے ساتھ بودوباش اختیار کرے، اس کے حقوق کشادہ دلی سے اداکرے ، ترش روئی سے پیش نہ آئے ، جب کھاناکھائے تواسے کھلائے ،جب کپڑاپہنے تواسے پہنائے :
وعاشروھن بالمعروف (سورہ النساء19)
”اوران عورتوں کے ساتھ دستور کے مطابق نباہ کرو“ جہاں تک ہوسکے بیوی سے خوش گمان رہے ،اس کے ساتھ نباہ کرنے میں تحمل ،بردباری اورعالی ظرفی کی روش اخیار کرے ۔
حسن معاشرت میں یہ بات داخل ہے کہ اس کی خوبیوں پر نظر رکھی جائے خامیوں کو نظر انداز کیاجائے : اگر اس میں شکل وصورت یاعادت واخلاق یاسلیقہ وہنر کے اعتبار سے کوئی کمزوری بھی ہوتوصبرکے ساتھ اس کوانگیزکرلے ،اوراس کی خوبیوں پر نگاہ رکھتے ہوئے فیاضی،درگذر اورمصالحت سے کام لے ،اسی بات کواللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں بیان کیاہے:
 لایفرک مؤمن مومنة إن کرہ منھا خلقا رضی منھا آخر (مسلم )
 ”کوئی مومن اپنى مومنہ بیوی سے نفرت نہ کرے ،اس لیے کہ اگراسے اس کی ایک عادت ناپسند ہے تو دوسری خصلت پسند ہوگی “۔
حسن معاشرت میں یہ بات بھی داخل ہے کہ عورت چونکہ عقل وخرد کے اعتبارسے کمزور اورنہایت ہی جذباتی ہوتی ہے، اس لیے صبروسکون ،رحمت وشفقت اوردل سوزی کے ساتھ اس کوسدھارنے کی کوشش کرنی چائیے بخاری ومسلم میں ارشادنبوی ہے:
"عورتوں کے ساتھ اچھاسلوک کرو ،عورت پسلی سے پیداکی گئی ہے اورپسلیوں میں سب سے زیادہ اوپرکاحصہ ٹیڑھا ہے ،اس کوسیدھا کروگے توٹوٹ جائے گی اوراگر اس کوچھوڑ ے رہو گے تو اس میں کجی ہی رہے گی ،لہذا عورتوں کے ساتھ اچھاسلوک کرو" ۔
حسن معاشرت میں یہ بات داخل ہے کہ بیوی سے عمدہ گفتگو کی جائے ،شیریں لہجے میں بات کی جائے کیونکہ میٹھی بات سے دل کو جیتا جا سکتا ہے، عورت جو بچوں کی تربیت میں تھکتی ہے ،کھانا بنانے میں پریشان ہوتی ہے ، گھر کی صفائی ستھرائی میں وقت لگاتی ہے ، کپڑے صاف کرتی ہے اور ہروقت گھر کی سجاوٹ وبناوٹ میں لگی رہتی ہے ‘ شوہر کے چند میٹھے بول ان کی ساری پریشانیوں کو ختم کرنے کا سبب بنتے ہیں ، اورپھروہ تازہ دم ہوکر اپنے کام میں لگ جاتی ہے ،اس لیے شوہر کو ایسے تعریفی کلمات کہنے میں جھجھک محسوس نہیں کرنی چاہیے ۔
حسن معاشرت میں یہ بات داخل ہے کہ بیوی کی رائے کا احترام کیاجائے ،اس کی بات پر دھیان دیاجائے ،اس کی با ت غور سے سنی جائے ، کوئی ضروری نہیں کہ اس کی بات میں دم ہو لیکن  انسانی جذبات نہایت حساس ہوتے ہیں جن کی رعایت بیحدضروری ہے ۔بسااوقات بیوی کے مشورہ میں برکت ہوتی ہے اورالجھے مسائل حل ہوجاتے ہیں ۔جیساکہ صلح حدیبیہ کے موقع سے اللہ کے رسول ﷺنے صحابہ کرام کو اپنی قربانی کرنے اورسر حلق کرانے کا حکم دیا تو کسی نے تعمیل نہیں کی البتہ ام سلمہ ؓ کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے خود اپنی قربانی کی اوربال منڈوایا تو یہ دیکھ کر سارے صحابہ اٹھ کھڑے ہوئے اورآپ کی  پیروی میں قربانی کرنے اور بال منڈوانے لگے ۔
حسن معاشرت میں یہ بات داخل ہے کہ  اگرایک سے زائد بیویاں ہیں تو ان سب کے درمیان  عدل وانصاف سے کام لے ،کسی ایک کی طرف جھک کر دوسری پرزیادتی نہ کرے۔ اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا:
من کانت لہ امرأتان فمال إلی أحدھما جاء یوم القیامة وشقہ مائل (ابوداؤد)
 ”جس آدمی کے پاس جوبیویاں ہوں اوراس نے ان کے درمیان انصاف سے کام نہ لیا تو وہ قیامت کے دن اس حالت میں آئے گا کہ اس کا ایک پہلو جھکا ہوا ہوگا ۔ “
حسن معاشرت میں یہ بات داخل ہے کہ گھریلو کام کاج میں بیوی کا ساتھ دے ۔ اورکچھ کاموںمیں ہاتھ بٹانے کی کوشش کرے ۔صحیح بخاری کی روایت ہے ،سیدہ عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں کہ اللہ کے رسول ﷺ اپنے اہل خانہ کی خدمت میں لگے رہتے تھے ،جب نماز کا وقت ہوتا تو نماز کے لیے نکل جاتے تھے ۔“
خودرحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی خانگی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے جواپنے اہل وعیال کے لیے سب سے بہترتھے ،آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کے ساتھ بھلائی کی وصیت کرتے ہوئے فرمایا :
خیرکم خیرکم لأھلہ وأناخیرکم لأھلی (الطبرانی)
 ”تم میں بہتروہ ہے جواپنے اہل کے لیے زیادہ بہترہو ،اورمیں تمہاری نسبت اپنے اہل کے لیے زیادہ بہترہوں “۔
آپ ﷺ اپنی بیویوں سے ہنسی مذاق کرتے تھے ، آپ ﷺ نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ دوڑ کا مقابلہ بھی کیا ،سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا برتن سے کوئی چیز نوش فرماتیں تو وہ برتن لے کر وہیں سے منہ لگاکر آپ بھی نوش فرماتے تھے  جہاں سے انہوں نے نوش فرمایا ہوتا تھا ،اسی طرح گوشت والی ہڈی لے کر نوچتیں پھر آپ اسے لیتے اوروہیں منہ رکھ کر نوچ کر کھاتے جہاں سے انہوں نے نوچ کر کھایاتھا ۔ کبھی کبھی سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو پیار سے عائش کہہ کر پکارا کرتے تھے ۔ گھر پر ہوتے تواپنی بیویوں کے کام کاج میں لگے ہوتے اورگھر کے کام میں ان کی مدد کرتے جب اذان ہوتی تو نماز کے لیے چلے جاتے تھے ۔
غرضیکہ اللہ کے رسول ﷺکی خانگی زندگی میں ہرمسلمان کے لیے بہترین پیغام ہے،آپ نے سرورکائنات ہوتے ہوئے اپنی بیویوں کے ساتھ حسن معاشرت میں اعلی نمونہ پیش کیا،اس طرح آپ مثالی شوہر بنے۔

شوہر کے حقوق :

جس طرح شوہر پر بیوی کے کچھ حقوق ہیں اسی طرح بیوی پر بھی شوہر کے کچھ حقوق ہیں ،شوہر کے حقوق میں سے چند کا ذکر کیا جاتا ہے ۔
(۱) اطاعت اور تابعداری : بیوی نہایت خوش دلی کے ساتھ اپنے خاوند کی اطاعت کرے ،اللہ کی نافرمانی کے سوااپنے شوہرکی ہربات کی تابعداری کرے ۔ مسند احمدکی روایت ہے ،حسین بن محصن رضی اللہ عنہ کا کہنا ہے کہ ان کی پھوپھی نے انہیں بتایا کہ ایک دفعہ کسی کام سے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئی ، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے پوچھا : اے خاتون! کیا تمہارا خاوند ہے ؟ میں نے عرض کیا : جی ہاں! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:تم اسکے لیے کیسی ہو ؟ میں نے عرض کیا : میں کسی بھی معاملے میں اس کی نافرمانی نہیں کرتی سوائے اس کے کہ کوئی کام میری طاقت سے باہر ہو ، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: 
فأین أنت منہ فإنما ھوجنتک ونارک
 "تم اس سے کہاں ہو کیونکہ بیشک وہ تمہاری جنّت اور جہنم ہے" ۔ یعنی یہ خیال رکھنا کہ تم اسکے حق کی ادائیگی کے معاملے میں کہاں ہو ؟ اگر اس کا حق ٹھیک سے ادا کرو گی تو وہ تمہارے لیے جنّت میں داخلے کا مقام ہے اور اگر نہیں تو وہ تمہارے لیے جہنم میں داخلے کامقام ہے۔
اسی طرح سنن ابن حبان کی ایک روایت میں اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا: اگرعورت پنچوقتہ نمازیں ادا کرتی ہو ، اور رمضان کے روزے رکھتی ہو ، اور اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرتی ہو ، اور اپنے خاوند کی اطاعت کرتی ہو ، تو جنّت کے جس دروازے سے چاہے گی جنّت میں داخل ہو جائے گی ۔
بخاری مسلم میں ارشادنبوی ہے :
إذا دعا الرجل امرأتہ إلی فراشہ فلم تأتہ فبات غضبان علیھا لعنتھا الملائکة حتی تصبح 
 ”جب مرد اپنی عورت کواپنے بستر پربلائے وہ نہ جائے اورشوہرناراضگی کی حالت میں رات گزاردے توفرشتے اس عورت پرصبح تک لعنت کرتے رہتے ہیں ۔
اورترمذی کی روایت میں ہے کہ جس عورت نے بھی اس حالت میں انتقال کیا کہ اس کاشوہر اس سے راضی اورخوش تھا تووہ جنت میں داخل ہوگی ۔اسلام نے شوہرکے حق کواس قدر اہمیت دی ہے کہ حضورپاک صلی اللہ علیہ وسلم نے یہا ں تک فرمایا: 
لوکنت آمرأحدا أن یسجد لأحد لأمرت المرأة أن تسجد لزوجہا (ابوداؤد)
 ” اگرمیں کسی کوحکم کرتا کہ وہ کسی کوسجدہ کرے توعورت کوحکم کرتاکہ وہ اپنے خاوند کوسجدہ کرے “۔
اورمسنداحمدکی روایت ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا :کسی انسان کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ کسی دوسرے انسان کو سجدہ کرے ،اگراس کی اجازت ہوتی تو بیوی کوحکم دیاجاتاکہ وہ اپنے شوہر کوسجدہ کرے ،شوہرکااپنی بیوی پرعظیم حق ہے ،اتناعظیم حق کہ اگر شوہرکاسارا جسم زخمی ہواوربیوی شوہر کے زخمی جسم کو زبان سے چاٹے تب بھی شوہرکاحق ادانہیں ہوسکتا ۔(اس حدیث کو منذری نے الترغیب والترھیب میں روایت کیا ہے اوراس کی سند جید اوررواة ثقات ہیں)
(۲) اپنے خاوند کے مال ومتاع ،عزت وناموس ،اورگھرکے جملہ امور میں اس کی محافظ بنی رہے:
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نیک بیوی کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے فرمایا:
خیرالنساء التی إذا نظرت إلیھا سرتک، وإذا أمرتھا أطاعتک وإذا غبت عنھا حفظتک فی نفسہا ومالک (الطبرانی ) 
”بہترعورت وہ ہے کہ جب تواسے دیکھے تو تجھے خوشی کرے ،جب تواسے حکم کرے توتیری اطاعت کرے ،اورجب تواس سے غائب ہوتواپنے نفس اورتیرے مال کی حفاظت کرے“۔
 اورصحیح بخاری کی روایت ہے ،عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنھما کا بیان ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا:
..والمرأة راعیة علی بیت زوجھا و مسئولة عن رعیتھا۔
 ”....اور عورت اپنے خاوند کے گھر کی ذمہ دار ہے اور اپنی رعایا کے بارے میں جواب دہ ہے۔“
 (۳) خاوند کے گھر سے بغیر اس کی اجازت باہر نہ نکلے : اللہ تعالی نے فرمایا:
وقرن فی بیوتکن ولاتبرجن تبرج الجاھلیة الأولی (سورة الاحزاب 33)
اور اپنے گھروں میں ٹک کر رہو اور پہلی جاہلیت کی طرح بے پردگی کے ساتھ سج دھج کر باہر مت نکلو ۔
 سنن ترمذی کی روایت ہے ،عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنھمابیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : عور ت پردے ( میں رکھنے ) والی چیز ہے اور بے شک جب وہ باہر نکلتی ہے تو شیطان اسے جھانک کر دیکھتا ہے ۔ اور عورت اپنے گھر میں رہ کر اللہ کے زیادہ قریب ہوتی ہے ۔
(4) خاوند کی اجازت کے بغیر خاوند کے گھر میں کسی کو داخل نہ کرے اسی طرح خاوند کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ نہ رکھے: یہ خاوند کے حقوق میں سے ایک حق ہے ،لہذا خاوند کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ رکھنا اورکسی کو خاوند کے گھر میں داخل کرنا بیوی کے لیے جائز نہیں ، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کو حکم دیا ہے کہ
 ”کسی عورت کے لیے حلال نہیں کہ وہ اپنے خاوند کی موجودگی میں اس کی اجازت کے بغیر (نفلی) روزہ رکھے ، اور نہ ہی کسی کوخاوند کی اجازت کے بغیرخاوند کے گھر میں داخل کرے ۔ “ (بخاری ومسلم)

1 تبصرہ:

Unknown نے لکھا ہے کہ

بہت خوب مضمون
جزاک

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔