منگل, اکتوبر 29, 2019

عظیم نبی کی خوابیدہ امت

🔲 دنیا کا سب سے عظیم انسان اور اس کی سوئی ہوئی امت

اس دھرتی پر پیدا ہونے والی شخصیات میں سب سے عظیم، سب سے پاکباز، سب سے کامل، سب سے سچی اور امانت دار شخصیت محمد ﷺ کی شخصیت ہے، جنہیں تمام جن وانس کی رہنمائی کے لیے بھیجا گیا۔ جنہوں نےانسانیت کو اپنے رب سے جوڑا، توہم پرستی کا خاتمہ کیا ، وحدت الہ اور وحدت آدم کی تعلیم دی، چھوت چھات، بھید بھاؤ اور رنگ ونسل کے فرق کو مٹایا، جنہیں ایک دائمی اور ابدی معجزہ قرآن کریم دیا گیا جوصبح قیامت تک جن وانس کے لیے چیلنج ہے، جن کی سیرت کا ایک ایک لمحہ محفوظ ہے، جن کی زبان فیض ترجمان سے نکلی ہوئی ایک ایک بات کا مستند ریکارڈ موجود ہے، جنہوں نے کائنات کو ایک مکمل اور ربانی نظام حیات دیا، فطرت سے ہم آہنگ ، اعتدال پر مبنی، مستند اور آفاقی تعلیمات دیں جو ماڈرن بھی ہیں اور اپ ٹو ڈیٹ بھی ہیں، ماڈرن اتنی کہ دنیا کی ساری ماڈرنیٹی اس کی ماڈرنیٹی کے سامنے فیل ہیں اور اپ ٹو ڈیٹ اتنی کہ اس کے کسی بھی قانون میں Expiry Date نہیں، آج انسانیت جن عالمی مسائل سے جوجھ رہی ہے ان کا بہترین حل پیش کرتی ہیں۔ وہ محسن انسانیت جو لوگوں کی ہدایت کے لیے زندگی بھر تڑپتے رہے، انہیں پاگل اور دیوانہ کہا گیا،ان کے راستے میں کانٹے بچھائے گئے، ان پر ایمان لانے والوں کو جان لیوا اذیتیں دی گئیں، گھر سے بے گھر کیا گیا، لوگ نادانی میں ان کے ساتھ سویلاپن کا برتاؤ کرتے رہےحتی کہ ایک وقت آیا کہ محمدﷺ نے اپنے دشمنوں پر فتح پا لیا، بدلہ لینے کا موقع تھا، لیکن بدلہ لیتے تو کیسے کہ وہ تو انسانیت کے غم خوار تھے، چنانچہ تمام دشمنوں کی عام معافی کا اعلان کردیا، اس کا اثر یہ ہوا کہ دشمنوں کو ندامت ہوئی، وہ اپنے کرتوت پر پشیمان ہوئے کہ جس انسان کا لگاتار انیس سال تک جینا دوبھر کیا وہ تو ہمارا سب سے بڑا خیرخواہ نکلا، اب کیا تھا؟ انہوں نے ان کی دعوت کو گلے سے لگا یا اور اسے لے کر دنیا کے چپہ چپہ میں پھیل گئے، آج اس عظیم انسان کی دعوت پھر اجنبیت کی شکار ہے، انہیں ایک خاص قوم کا رہنما سمجھا جاتا ہے، انہیں دہشت گرد باور کرایا جاتا ہے، ان کی اہانت کی جاتی ہے، ان کی تعلیمات کا مذاق اڑایا جاتا ہے لیکن صدحیف کہ ان سے محبت کا دم بھرنے والی قوم خواب خوگوش میں پڑی ہے، اس کے سمند غیرت کو تازیانہ نہیں لگتا ۔ ع افسوس میری قوم بدلتی نہیں کروٹ

✍ صفات عالم تیمی
مکمل تحریر >>