جمعہ, ستمبر 12, 2014

سورہ كہف كا پیغام


قرآن کی سورہ كہف جسے اگر کوئی ہر جمعہ پڑھتا ہے تو اس کے لئے اگلے جمعہ تک ایک نور روشن کر دیا جاتا ہے،  صحيح الترغيب: 736  
اس سورہ میں بنیادی طور پر چار قصوں اور چار قسم کے فتنوں کا ذکر کیا گیا ہے:
(1) غار والوں کا قصہ جس میں دین کا فتنہ پایا جاتا ہے۔
(2) دو باغ والے کا قصہ جس میں دولت کا فتنہ پایا جاتا ہے۔
(3) موسیؑ اور خضر ؑ کا قصہ جس میں علم کا فتنہ پایا جاتا ہے۔
(4) اور ذوالقرنین کا قصہ جس میں بادشاہت کا فتنہ پایا جاتا ہے. 
پھر قصوں کو بیان کرنے کے معا بعد اس کا علاج بھی بتا دیا گیا ہے، مثلا دین کے فتنے سے بچاؤ اچھی صحبت اختیار کرنے اور یوم آخرت کو یاد رکھنے میں ہے. (آیت 28-29)
مال کے فتنے سے بچاؤ دنیا کی حقیقت کو سمجھنے اور آخرت کو یاد رکھنے میں ہے. (آیت 45-46) 
علم کے فتنے سے بچاؤ عاجزی اختیار کرنے اور اپنے علم پر گھمنڈ کا اظہار نہ کرنے میں ہے. (آیت 69) 
اور بادشاہت کے فتنے سے بچاؤ اخلاص و للہیت اور آخرت کو یاد رکھنے میں ہے. (104-103) 
اور سورہ کے اخیر میں ہر طرح کے فتنوں سے بچاو کا خلاصہ یہ بتایا گیا کہ صرف ایک اللہ کی عبادت کی جائے، اور اس کی عبادت میں کسی کو شریک نہ ٹھہرایا جائے اور یہ عبادت آخری رسول محمدﷺ کے طریقے کے مطابق ہو اپنی خواہش اور چاہت کے مطابق نہیں. 
مکمل تحریر >>

بدھ, ستمبر 03, 2014

سستی اور کسلمندی کا علاج کیوں اور کیسے ؟

سستی اور کسلمندی انسانی سماج کا ایک ایسا مرض ہے جس کے آج زیادہ تر لوگ شکار ہیں. یہ بیماری کسی بھی انسان کے لئے محبوب نہیں ہو سکتی بالخصوص  جبکہ سستی اپنی حد کو پار کر جائے. اگر جسم میں کبھی کبھار سستی آ جاتی ہے تویہ کوئی عیب کی بات نہیں کہ فطری معاملہ ہے کہ جسم کو کبھی کبھی آرام کی ضرورت پڑتی ہے. لیکن عیب کی بات یہ ہے کہ سستی ایک انسان کی شناخت ہی بن جائے. اس سے انسان کی شخصیت متاثر ہوتا ہے اور جب وہ آہستہ آہستہ کاہلی کا عادی بنتا جاتا ہے تو پھر اس کے لئے اس سے چھٹكاڑا پانا بھی بڑا مشکل ہو جاتا ہے.
سست شخص کبھی بھی خود کو کسی مشکل کام کے لئے تیار نہیں کرتا، وہ بہانہ بناتا رہتا ہے کہ یہ کام ہم سے نہیں ہو سکتا، یہ بہت مشکل ہے اور ایسا میں نے کبھی نہیں کیا وغیرہ.
اب سوال یہ ہے کہ کاہلی کا علاج کیوں کر ممکن ہے. اور وہ کون سے وسائل ہیں جن کو اپنا کر ہم سستی سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں؟ آئیے ذیل میں ہم ان کی معلومات حاصل کرتے ہیں:
(1) خود کا سست ہونا قبول کریں:
اگر آپ سستی سے نجات حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں تو سب سے پہلے آپ کو ماننا پڑے گا کہ واقعی آپ سست ہیں. پہلا قدم یہ ہے کہ آپ سست ہونے کا اعتراف کریں تاکہ اس کا علاج ڈھونڈ سکیں.
(2) سستی کی وجہ تلاش کریں:
آپ کو خود سے پوچھنا ہے کہ آپ سست کیوں ہیں. کسلمندی کے کچھ ایسے اسباب ہوں گے جنہیں خود آپ ہی جان سکتے ہیں. کھلے دل سے اس کے اسباب کا پتہ لگائیں پھر اس کا علاج شروع کر دیں. آپ کو سوچنا چاہئے کہ سستی کی وجہ کتنے موقع کو آپ نے کھو دیا، اگر اس وقت سستی نہ کی ہوتی تو کس قدر قابل رشک زندگی گزار رہے ہوتے. واضح ہے کہ اس کے لئے آپ جن برے عادات کے عادی ہیں انہیں چھوڑنا ہوگا۔
(3) خود میں عزم پیدا کریں:
آپ کے اندر عزم آجانا چاہئے، زندگی میں اپنا ایک مقصد طے کریں اور اسے حاصل کرنے کے لئے کوشاں رہیں. اس کے لئے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ سب سے پہلے اپنے لئے چھوٹے چھوٹے اہداف طے کریں، جیسے کوئی کتاب اتنے دنوں میں پڑھ لینا. قرآن کی کوئی چھوٹی سی سورہ یاد کرنا وغیرہ. جب آپ اسے عملی شکل دینے جائیں گے تو ہوسکتا ہے کہ آپ کے ذہن میں مختلف قسم کے شکوک و شبہات پیدا ہوں انہیں فوری طور اپنے من سے Delete کر دیں. ایک عربی شاعر کہتا ہے:
اذا كنت ذا رأى فكن ذا عزيمة
فإن فساد الرأى أن تترددا
اگر تمہارے پاس کوئی خیال یا مقصد ہے تو عزم رکھنے والے بنو کیوں کہ خیال میں بگاڑ تب آتا ہے جب انسان تذبذب میں پڑ جاتاہے.
(4) اہداف کو حاصل کرنے کے لئے اپنے نفس کو لگام دیں:
جو کوئی بھی اپنا خواب شرمندہ تعبیر کرنا چاہتا اور اپنے اہداف کو پانا چاہتا ہو اسے چاہیے کہ وہ اپنے نفس کو لگام دے، اپنے نفس پر کنٹرول کرے، اگر کسی نے نفس کو بہلانے کی کوشش نہیں کی تو سستی اس کی شناخت بنتی جائے گی. عربی کی ایک کہاوت ہے:
النفس كالطفل إن تهمله شب على
حب الرضاع وإن تفطمه ينفطم
نفس شیرخوار بچے کی طرح ہے کہ اگر تم اس کے تئیں کوتاہی کروگے تو وہ جوان ہو جائے گا پر دودھ پینے کی خواہش نہیں جائے گی، اور اگر اس کا دودھ چھڑاو تو دودھ چھوڑ دے گا.
حقیقت یہ ہے کہ جو لوگ اپنے نفس کو لگام دینے کے لئے کوشاں ہوتے ہیں انہیں اللہ کی توفیق بھی ملتی ہے. اللہ نے فرمایا:
والذين جاهدوا فينا لنهدينهم سبلنا (سورة العنكبوت 69 )
رہے وہ لوگ جنہوں نے ہمارے راستے میں مل کر کوشش کی، ہم انہیں ضرور اپنے راستے دکھائیں گے.   
(5) خورد ونوش میں توازن اپنائيے:
 کبھی کبھی خورد ونوش کا زیادہ مقدار میں استعمال کرنا بھی سستی کی وجہ بنتا ہے. اس لئے خورد ونوش میں توازن اپنايے، تلي ہوئی اشیاء کی مقدار زیادہ نہ کریں، اور ہمیشہ کھانا محدود مقدار میں لیں، کیوں کہ پیٹ بھرنے سے جسم بھاری ہوتا ہے اور جب جسم بھاری ہوگا تو طبعی معاملہ ہے کہ سستی آئے گی.
(6) سونے میں سیرابی حاصل کریں:
24 گھنٹے میں 8 گھنٹے مسلسل سونے کی عادت ڈالیں، اگر اس سے زیادہ ہوا پھر بھی سستی آئے گی اور اگر اس سے کم ہوا تب بھی بدن میں کسلمندی چھائی رہے گی، سونے جاگنے میں توازن اپنانے کی ضرورت ہے. فجر کے بعد کچھ  وقت نکال کر ہری سبزی پر ٹہلنے کی عادت ڈالیں.
(7) اپنے کاموں کی ایک فہرست بنالیں:
 اپنے کاموں کی ترجیحی بنیادوں پر ایک فہرست بنا لیں، وہ لسٹ آپکے جیب میں ہو یا ٹیبل پر جہاں بار بار اپني نظر جاتی ہو اور آپ اسے دیکھتے ہوں۔
(8) خود کی ایمانی تربیت کریں:
اگر آپ اللہ والوں کی زندگی کا مطالعہ کریں گے تو معلوم ہوگا کہ وہ راتوں کو بہت کم سوتے تھے لیکن اس کے باوجود دن میں بالکل چست رہتے تھے، وجہ یہ تھی کہ ان کا تعلق اپنے رب سے نہایت گہرا اور پختہ تھا، اس لئے اللہ سے آپ کا تعلق مضبوط ہونا چاہئے، اس کے لئے کچھ کام کرنے ضروری ہیں:
ذکر کا اهتمام : سستی اور کاہلی کو دور کرنے میں صبح و شام کے اذکار کلیدی رول ادا کرتے ہیں.
وضو کا خیال رکھیں: اور ہر نماز کے لئے اگر ممکن ہو سکے تو تازہ وضو کریں اور وضو کے بعد دو رکعت نمازپڑھ لیں، اس سے شیطان کا دباؤ کمزور ہوگا.
پانچ وقت کی نمازوں کی مسجد میں حاضر ہوکر اپنے وقت پر پابندی: خاص طور پر فجر کے بعد کا وقت برکت اور بھلائی کا وقت ہے. اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت کو صبح میں برکت دی گئی ہے. صبح کی نماز کے بعد تازہ ہوا لینے سے بہت سے امراض سے نجات ملتی ہے اور بدن میں چستي آتی ہے.
شب بیداری کی عادت ڈالیں کہ رات میں جگ کر نماز پڑھنا جہاں اللہ سے قربت کی علامت ہے تو دوسری طرف یہ جسم سے بیماریوں کو دور کرتا ہے.
اللہ تعالی سے عاجزی اور محبت کے ساتھ دعا کریں کہ اے اللہ ہمیں سستی اور کوتاہی سے بچالے. اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سستی اور کسلمندی دور کرنے کے لیے ہمیں یہ دعا بھی سكھا دي ہے:
اللهم إني أعوذ بك من الهم والحزن، وأعوذ بك من العجز والكسل، وأعوذ بك من الجبن والبخل، وأعوذ بك من غلبة الدين، وقهر الرجال،
اے اللہ، میں تیری پناہ چاہتا ہوں فکر اور دكھ سے، لاچاری اور سستی، بذدلي اور کنجوسی سے، اور لوگوں کے تسلط اور غلبہ سے.
مکمل تحریر >>