ہفتہ, نومبر 30, 2013

میں ہربار توبہ کرتا ہوں لیکن پھر بہک جاتا ہوں

 سوال : 

مولانا صاحب ! آپ کا پروگرام مجھے بہت اچھا لگتا ہے میں بڑی پابندی سے ہرجمعہ آپ کا پروگرام سنتاہوں،میری عمر 26 سال کی ہے،ابھی میری شادی نہيں ہوئی ہے ،میں جہاں کام کرتا ہوں وہاں لڑکیاں بھی کام کرتی ہیں ،ایک مرتبہ مجھ سے بہت بڑی غلطی ہوگئی ،میں ان میں سے ایک لڑکی کے ساتھ زنا کا ارتکاب کربیٹھا۔ میں ہربار توبہ کرتا ہوں لیکن پھر بہک جاتا ہوں ۔ میں پہلے بہت خوش رہتا تھا لیکن  اب میں بہت پریشان رہنے لگا ہوں ۔کوئی ایسی دعا بتائیے کہ میرا خیال اس طرف نہ جائے اور میں پہلے کی طرح خوش رہ سکوں؟ ( علی ۔ حولی، كويت )

جواب:

اسلام میں زنا کار کی سزا یہ ہے کہ اگر مردوعورت دونوں شادی شدہ ہیں تو ان کو سنگسار کردیا جائے گا اور اگر شادی شدہ نہیں تو سوکوڑے لگائے جائیں گے اور ایک سال کے لیے ملک بدر کر دیا جائے گا ۔اس سے آپ زنا کی سنگینی اور خطرناکی کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں ۔
 آپ کو جو پریشانی لاحق ہے یہ دراصل اللہ کے غضب کو دعوت دینے کی بنیاد پر ہے، الله تعالى نے فرمايا:
 وَمَنْ أَعْرَضَ عَن ذِكْرِي فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنكًا ( طه 124)
 "جس نے میری یاد سے اعراض کیا اس کا گذران تنگی والا ہوگا".  اور گناہوں کے انسانی زندگی پربڑے گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔اور یہ بات بهى یاد رکھیں کہ "جیسی کرنی ویسی بھرنی "، جیسے آپ دوسری لڑکیوں کے ساتھ کریں گے ویسا ہی آپ کی عزت کے ساتھ یا آپ کے اہل وعیال کے ساتھ کیا جائے گا ۔ کیا آپ اپنی بہن کے لیے یہ پسند کریں گے کہ کوئی لڑکا اس کے جسم کے ساتھ کھیلے ، ظاہر ہے آپ کی غیرت برداشت نہ کرے گی تو  ذرا  تصور کیجئے کہ آخر جس سے آپ نے منہ کالا کیا ہے وہ بھی تو کسی کی بہن ہے ،اس کے لیے آپ نے ایسا کیسے گوارا کرلیا ۔ آپ کی بات سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کو غلطی کا احساس ہے تب ہی تو ہم سے رابطہ  کیا ہے ۔ اس لیے
  • پہلی فرصت میں توبہ کریں،اللہ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں ،اور یا درکھیں کہ توبہ کی قبولیت کی شرط یہ ہے کہ بندہ گناہ سے بالکل کنارہ کش ہوجائے ،اپنے عمل پر نادم ہو، اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا پورا عزم رکھے۔ 
  • دوسرے مرحلہ میں  ایسی بدكارلڑکی سے بالكليہ تعلق ختم کرلیں،یا کم ازکم اس سے پیار ومحبت کی باتیں بالکل نہ کریں، اللہ کی نگرانی کوذہن میں طاری رکھیں اور یہ بھی سوچیں کہ آپ جس وقت اس لڑکی سے ہم آغوش ہو رہے ہوتے ہیں اس وقت اللہ پاک آپ کو دیکھ رہا ہوتا ہے پھرفرشتے آپ کی ایک ایک حرکت کی ریكارڈ تیار کررہے ہوتے ہیں ،کل قیامت کے دن آپ کے سامنے اسے كهول دیا جائے گا ، اگر انکار کیا تو آپ کے اعضاءوجوارح آپ کے خلاف اللہ کے دربار میں گواہی دینے لگیں گے ، بلکہ یہ زمین بھی گواہی دے گی جہاں پر آپ اس عورت کے ساتھ ہم آغوش ہوئے تھے ۔پتہ نہیں کہ موت کب آجائے اور آپ اپنے رب کے پاس پہنچادیئے جائیں ۔
  • اسی طرح پنجوقتہ نمازوں کی پابندی کریں ، قرآن کریم کی تلاوت مع ترجمہ کریں ، نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں ،ان لڑکیوں کے ساتھ کام کرنے کی مجبوری ہے توکم ازکم ان کے ساتھ تنہائی میں ہونے سے پرہیز کریں کیونکہ جب آدمی کسی عورت کے ساتھ خلوت اختیار کرتا ہے تو تیسرا وہاں شیطان ہوتا ہے جو اسے برائی پر اکساتا ہے ۔
اللہ پاک ہم سب کو  برے عادات واطوا ر سے محفوظ رکھے ۔ آمین

0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔