بدھ, اکتوبر 09, 2013

عیسائی لڑکی سے شادی کرنا چاہتا ہوں، وہ اسلام لانے کے لیے تیار نہیں ہے کيا كروں ؟

سوال:

ایک عیسائی لڑکی ہے جس سے شادی کرنا چاہتا ہوں، وہ اسلام لانے کے لیے تیار نہیں ہے ،کیا اسلام میں اس بات کی گنجائش ہے کہ میں اس سے شادی کرسکوں۔؟ 

جواب:


اسلام نے اہل کتاب یعنی یہودیوں اور عیسائیوں کی پاک دامن عورتوں سے شادی کرنا جائز قرار دیاہے ،اللہ تعالی نے فرمایا : 
وَالْمُحْصَنَاتُ مِنَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ مِن قَبْلِكُمْ إِذَا آتَيْتُمُوهُنَّ أُجُورَهُنَّ مُحْصِنِينَ غَيْرَ مُسَافِحِينَ وَلَا مُتَّخِذِي أَخْدَانٍ 
"اور جو لوگ تم سے پہلے کتاب دیئے گئے ہیں ان کی پاک دامن عورتیں بھی حلال ہیں جب کہ تم ان کے مہر ادا کرو، اس طرح کہ تم ان سے باقاعده نکاح کرو یہ نہیں کہ علانیہ زنا کرو یا پوشیده بدکاری کرو". ( سورة المائده 5)
 اور اگر اس سے اولاد ہو رہی ہے تو شوہر کے اندر پورا اطمینان ہوکہ اس کو ماں عیسائی نہیں بناسکتی ۔ کہ بچہ مسلمان رہے گا عیسائی نہیں ۔ لیکن آج کے حالات میں اگر دیکھاجائے تو خود ایک آدمی کے لیے دین پر ثابت قدم رہنا مشکل ہورہا ہے چہ جائے کہ وہ عیسائی لڑکی سے شادی کرنے کے بعد دین پر جما رہ سکے ۔ اس لیے بھائی کے لیے اولی اوربہتر یہ ہے کہ کسی مسلمان دیندار لڑکی سے شادی کرے ۔ اس سے اس کے دین کی حفاظت ہو سکتی ہے اور اولاد کے بارے میں بھی کسی طرح کا اندیشہ نہیں رہے گا ۔
یہاں پر کسی کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوسکتا ہے کہ آخر اسلام نے اہل کتاب کی عورتوں سے شادی کرنا جائز ٹھہرایا جبکہ مسلمان عورتوں کا اہل کتاب کے مردوں سے شادی حرام قرار دیا …. اس کی کیا حکمت ہوسکتی ہے ؟ جی ہاں! بالکل ایک مسلمان لڑکی کی شادی کسی غیرمسلم سے نہیں ہوسکتی چاہے غیر مسلم یہودی یا عیسائی ہی کیوں نہ ہو ….اوریہ حکم انصاف پر مبنی ہے ۔ کیسے ؟ اس لیے کہ سب سے پہلے اسلام ہی دین حق ہے، اوراس کے علاوہ جتنے بھی ادیان ہیں وہ باطل ہیں، اورجو عیسائی یا یہودی اسلام قبول کیے بغیر مرے وہ جہنمی ہوگا اورمسلمان چونکہ مسلمان حضرت عیسی علیہ السلام اورحضرت موسی علیہ السلام پر ایمان رکھتے ہیں اور ان کو اللہ کا نبی سمجھتے ہیں اس لیے یہودی یا عیسائی عورتیں کسی کی بیوی بنیں تو کوئی اختلاف نہ ہوگا کہ وہ بھی عیسی یاموسی علیہما السلام کو نبی مان رہی ہے ۔ جبکہ عیسائی مردمحمد صلی اللہ علیہ وسلم کو نبی نہیں مانتے، لہذا ان کے لیے یہ جائز نہیں ہوا کہ وہ مسلم لڑکیوں سے شادی کریں ۔ ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ عورت کی ذات کمزور ہوتی ہے، ممکن ہے کہ وہ شوہر کے دین کی پیروی کرنے لگ جائے ۔اس کے برعکس عیسائی بیوی ہوگی تو ممکن ہے شوہر سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلے ۔

0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔