جمعرات, ستمبر 08, 2011

عمری برادران سے دو گذارش

مولانا حفیظ الرحمن اعظمی عمری حفظہ اللہ استاذ دارالسلام عمرآباد سے نہ ہماری کبھی ملاقات ہے اور نہ شناسائی ۔البتہ ہم نے ان کے شاگردوں کوان کی خوبیاں بیان کرتے ضرور سنا ہے ۔ ماہنامہ راہ اعتدال میں ان کے مقالات ضرورپڑھے ہیں۔  بلکہ ذاتی طورپر میں مولانا کی تحریر پڑھنے کے لیے ہی راہ اعتدال کی کھوج میں لگا رہتا ہوں، یہاں تک کہ پرانے شمارے بھی مل جاتے ہیں تو ان میں مولانا کی تحریر تلاشنے لگتا ہوں۔  کسی کی شخصیت کو پہچاننے کے لیے برسہا برس درکار نہیں ہوتے ۔ چند منٹوں میں شخصیت پہچان میں آجاتی ہے۔ میں نے مولانا کو ان کی تحریروں سے پہچانا ہے، اوران کی تدریسی صلاحیتوں کی بابت سنا ہے ۔ آپ کو اللہ پاک نے بلا کی ذہانت دی ہے ، آپ کی شخصیت گوناگوں خوبیوں کی مالک ہے، عمری برادران سے ہماری گذارش ہوگی کہ ان کی صلاحیت کو دارالسلام تک محدود نہ رہنے دیں۔ آج انٹرنیٹ کا زمانہ ہے، دنیا سمٹ کر گھر کی مانند ہوچکی ہے ۔ ان کے دروس کی ريکاڈنگ کا بندوبست کیا جائے، انہیں ذمہ داری دے کر ان سے علمی کام کرایا جائے، ان کے مقالات کوکتابی شکل میں چھاپا جائے ۔ مختلف مجالس میں راقم سطور كو ڈاکٹر محمد لقمان سلفی حفظہ اللہ کی زبانی  ان كے حق ميں ستائشی کلمات سننے كا موقع ملا ہے ۔
مولانا ابوالبیان حماد صاحب علم، صلاحیت اورقابلیت میں بے مثال ہیں، زبان وادب میں استاذ سمجھے جاتے ہیں۔ میری نظر سے ان کے کئی شعری مجموعے بھی گذر چکے ہیں۔ ان کی اہلیہ محترمہ کا بھی ایک شعری مجموعہ بازارمیں دستیاب ہے ۔ آپ کے کلام میں بلاکی چاشنی ہے ۔ حلاوت ہے اورادبی جواہرپارے ہیں۔ ان کے ایک نعتیہ کلام کا مجموعہ بھی منظرعام پرآچکا ہے ۔ ہر شخص جانتا ہے کہ آج اردوزبان میں شرکیہ نعت نے شہرت حاصل کررکھی ہے۔ صحیح نعت پر مشتمل ویڈیوزاورسی ڈیز تلاش بسیار کے باوجود نہیں ملتیں ۔ ایسے حالات میں آخر کیوں نا مولانا کے نعتیہ کلام کو سی ڈیز اور ویڈیوز کی شکل دی جائے ۔ اچھے نعت خواں کی خدمت حاصل کرکے اس کی ریکارڈنگ ہواوراسے الکٹرونک میڈیا کی زینت بنایا جائے کہ یہ وقت کا فوری تقاضا ہے ۔

0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔