ابراہیم علیہ السلام ان پانچ اولو العزم پیغمبر وں میں سے ایک ہیں جن كو
اللہ تعالیٰ نے پختہ عہد وپیمان لیا تھا، یہ وہ نبی ہیں جنہیں اللہ تعالی نے
انسانی طاقت وقوت سے بڑھ کر آزمایا، اور وہ ہرامتحان میں کلی طور پر کامیاب اترے، یہ
وہ نبی ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے انسانوں کا امام ہونے کا اعزاز بخشا، یہ وہ نبی
ہیں جن کی ذریت سے نبوت ورسالت کا سلسلہ شروع ہوا ان کے آنے والے سارے انبیاء حتی
کہ خاتم النبیین محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی انہیں کی نسل سے تھے، یہ
وہ نبی ہیں کہ جب اللہ نے ان سے کہا کہ تابع ہو جاﺅ تووہ فوراً اللہ کے تابع ہو گيے،
یہ وہ پہلے نبی ہیں جنہوں نے ہمیں مسلمان کا لقب دیا ۔ یہ وہ بندئہ ربانی ہیں جو ”خلیل
اللہ“ جیسی امتیازی اورگران قدر صفت سے متصف ہوئے۔
قرآن کریم ابراہیم علیہ السلام کی ولادت یا سن طفولت کی بابت بالکل خاموش
ہے، البتہ اس زمانے کی اجتماعی ومعاشرتی اور دینی صورتحال کی طرف اشارہ ضرورکرتا
ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اس وقت لوگ 3 جرگوں میں بٹے ہوئے تھے، ایک جماعت پتھرو لکڑی
سے تراشی گئی مورتیوں کی پوجا کرتی تھی، دوسری جماعت چاند وسورج اورستارے کی پرستش
کرتی تھی، جب کہ تیسری جماعت بادشاہوں اورحکام کے سامنے سر خم کیا کرتی تھی ۔
اس مشرکانہ اوردھریت کے گھناونے ماحول میں مشرکین کے ایک پروہت ”آزر‘’ کے
گھرابراہیم علیہ السلام کی پیدائش ہوتی ہے، آزرنہ صرف بت پرست تھا بلکہ بت گر بھی
تھا اور اسی بت پرستی کی وجہ سے سماج میں امتیازی حیثیت رکھتا تھا ۔
وقت گزرتا رہا، ابراہیم علیہ السلام سن شعور کو پہنچ گيے، بچپنے ہی سے
ابراہیم علیہ السلام اپنے باپ کی بت پرستی اوربت گری کو کراہیت بھری نظر سے دیکھتے
تھے اورسوچتے تھے کہ یہ بت نہ کھا سکتے ہیں نہ پی سکتے ہیں، نہ بول سکتے ہیں نہ سن
سکتے ہیں توآخر لوگ ان بتوں کے تیئں نفع ونقصان کا تصور کیسے رکھتے ہیں:
چنانچہ آپ
نے چاند وسورج اورستاروں کى پوجا کرنے والوں کو نہایت حکمت علی اورمنطقی انداز میں
سمجھایا ۔ جب رات کی تاریکی چھاگئی تو آپ نے ایک ستارہ دیکھا آپ نے فرمایا : یہ
میرارب ہے ۔اس طرح قوم کو اطمینان ہونے لگا کہ شاید ابراہیم ستاروں کی پوجا شروع
کر دیں گے، مگرجب وہ غروب ہوگیا توصبح ہوتے ہی کہنے لگے ! میں غروب ہوجانے والے سے
محبت نہیں رکھتا. دوسری رات جب چاند کو دیکھا چمکتا ہوا توقوم سے کہنے لگے: یہ میرارب
ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ قوم اس قدرذہانت کی مالک نہیں تھی کہ سمجھ لے کہ ابراہیم نرمی
اورحکمت عملی سے ان کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں کہ آخر وہ ایسی چیزکی عبادت کیسے کرتے
ہیں جو چھپتا ہو پرظاہر ہوتا ہو، ڈوبتا ہوپھرطلوع ہوتا ہو، جب پہلی مرتبہ نہ سمجھ سکے
تو دوسری رات چاند کودیکھ کر ایسا کہا، تاہم چاند بھی تو عام ستاروں کے جیسے طلوع
ہوتا اور غروب ہوتا ہے، چنانچہ جب چاند غروب ہوگیا توابراہیم علیہ السلام نے کہا:
لئن لم یھدنی ربی لأکونن من القوم الظالین ۔
”اگرمجھ کومیرے رب نے ہدایت نہ کی تو میں گمراہ لوگوں میں شامل ہوجاﺅں گا ۔“
لیکن اب بھی قوم حقیقت کی تہہ تک
نہ پہنچ سکی چنانچہ جب صبح سورج نکلا تو بطورتمام حجت میں فر مایا:
یہ میرارب ہے یہ تو سب سے عظیم ہے پھر جب وہ بھی غروب ہوگیا تو آپ نے
مناظرہ ختم کرتے ہوئے ان کے شرک سے بیزاری کا علان کیا:
یاقوم إنی بریء مما تشرکون إنی وجھت وجھی للذی فطرالسموات والأرض حنیفا وما أنا من المشرکین “
اے میری قوم، بے شک میں تمہارے شرک سے بیزار ہوں، میں اپنا رخ اس کی طرف
کرتا ہوں جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیایکسو ہوکر، اورمیں شرک کرنے والوں میں
سے نہیں ہوں ۔
آنکھ
والا تیری قدرت کا تماشہ دیکھے
دیدہ کور کو
کیا آئے نظرکیا دیکھے
پھر آپ بت پرستوں سے مناظرہ کرنے کے ليے اس کے پاس آئے، اپنے باپ اورقوم
کومخاطب کرتے ہوئے کہا:
ماھذہ التماثیل التی أنتم لھا عاکفون؟
یہ مورتیاں جن کے تم پجاوربنے بیٹھے ہو کیا ہیں؟
قالوا وجدنا آباءنا لھاعابدین
”سب نے جواب دیا کہ ہم نے اپنے باپ دادا کوانہی کی عبادت کرتے ہوئے پایا۔“
آج بھی جہالت وخرافات میں پھنسے ہوئے مسلمان کوبدعات ورسوم جاہلیہ سے روکا
جاتا ہے تو وہ فورا جواب دیتے ہیں ہم انہیں کس طرح ترک کردیں جبکہ ہمارے آباء واجداد
بھی یہی کچھ کرتے آرہے ہیں، آپ نے فرمایا:
’’لقد کنتم أنتم وآباءکم فی ضلال مبین‘‘
یعنی ہمارا اعتراض جوتم پرہے وہی
تمہارے اگلوں پر ہے ایک گمراہی میں تمہارے اگلے مبتلاہوں اور تم بھی اس میں مبتلا
ہوجاﺅ وہ بھلائی بننے سے رہی، میں کہتاہوں کہ تم اورتمہارے باپ دادا سبھی راہ حق
سے برگشتہ ہوگيے ہواورکھلی گمراہی میں ڈوبے ہوئے ہو-
اب توان کے کان کھڑے ہوگيے کیوں کہ
انہوں نے اپنے عقلمندوں کی توہین دیکھی، اپنے باپ داداﺅں کی نسبت نہ سننے والے
کلمات سنے، اپنے معبودوں کی حقارت ہوتی ہوئی دیکھی توگھبراگيے اورکہنے لگے، ابراہیم! کیا واقعی تم تھیک کہہ رہے ہو یامزاق کررہے ہو؟
ہم نےتوایسی بات کبھی نہیں سنی، آپ
کودعوت کاموقع ملا اورصاف علان کیا
”قال بل ربکم رب السموات والأرض الذی فطرهن وأنا علی ذالکم من الشاھدین “
یعنی رب توصرف خالق آسمان وزمین ہی ہے، تمام چیزوں کاخالق مالک وہی ہے، تمہارے یہ
معبود کسی ادنیٰ سی چیزکے نہ خالق ہے نہ مالک پھرمعبود ومسجود کیسے ہوگيے؟ میری گواہی
ہے کہ خالق ومالک اللہ ہی لائق عبادت ہے، نہ اس کے سوا کوئی رب نہ معبود.
اسی طرح ابراہیم علیہ السلام نے اپنے بت پرست وبت گر باپ آزرسے بات کی:
”إذ قال لأبیہ یٰأبت لم تعبد ما لایسمع ولا یبصر ولایغنی عنک شیئا، یٰأبت إنی قد جاءنی من العلم ما لم یأتک فاتبعنی أھدک صراطا سویا ٰیأبت لا تعبد الشیطن إن الشیطن کان للرحمٰن عصیا (سورہ مریم:42۔44)
” ابا آپ ان کی پوجا پاٹ کیو ں کر رہے ہیں جونہ سنیں نہ دیکھیں، نہ آپ کوکچھ
بھی فائدہ پہنچا سکیں، میرے مہربان باپ! آپ دیکھتے میرے پاس وہ علم آیاہے جوآپ کے
پاس آیاہی نہیں، توآپ میری ہی مانیں میں بالکل سیدھی راہ کی طرف آپ کی رہبری
کروں گا، میرے ابا آپ شیطان کی پرستش سے باز آجائیں، شیطان تو رحم وکرم والے اللہ
تعالیٰ کا بڑاہی نافرمان ہے، اباجی! مجھے خوف لگاہواہے کہ کہیں آپ پرعذاب الٰہی نہ
آجائے کہ آپ شیطان کے ساتھی بن جائیں “۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام نے باپ کے ادب واحترام کے تقاضوں کو پوری طرح
ملحوظ رکھتے ہوئے نہایت شفقت اور پیار کے لہجے میں باپ کو توحید کا وعظ سنایا تھا
لیکن مشرک باپ نے اس نرمی اور پیار کے جواب میں نہایت درشتی اورتلخی کے ساتھ موحد
بیٹے کو کہا:
”قال أراغب أنت عن اٰلھتی یا إبراھیم لئن لم تنتہ لأرجمنک واھجرنی ملیا“
" اے ابراہیم کیا تو ہمارے معبودوں سے
روگردانی کررہاہے، سن اگرتوبازنہ آیا تومیں تجھے پتھروں سے مارڈالوں گا، جا ایک مدت
درازتک مجھ سے الگ رہ."
آپ کاجواب تھا۔
قال سلام علیک سأستغفرلک ربی إنہ کان بی حفیا وأعتزلکم وما تدعون من دون اللہ وادعو ربی عسی ألا أکون بدعاء ربی شقیا (سورہ مریم:47-48)
اچھا تم پر سلام ہو،میں اپنے پروردگار سے تمہاری بخشش کی دعا کرتا رہوں گا
وہ مجھ پرحد درجے مہربان ہے، میں تو تمہیں بھی اورجن جن کو تم اللہ کے سوا پکارتے
ہو انہیں بھی ترک کررہا ہوں، صرف اپنے پروردگارکو ہی پکارتا رہوں گا ، مجھے یقین ہے کہ
میں اپنے پروردگار سے دعا مانگنے میں محروم نہ رہوں گا .
ابراہیم علیہ السلام نے
اپنے دل میں یہ بات ٹھان لی تھی ،کہ ان کے بتوں کا ضرور کچھ نہ کچھ علاج کیا جائے
،آپ ے سوچا کہ انکے عید کادن جومقرر ہے اسی دن یہ کام بحسن وخوبی پايہ تکمیل کو
پہنچ سکتا ہے،عید کے دن جب ان سے عید میں شرکت کی فرمائش کی گئی توآپ نے فرمایا کہ
میں بیمار ہوں، جب سب لوگ مراسم کفربجا لانے کے لئے نکل گئے، تو ایک تیزکلہاری ليے
بت خانے میں داخل ہوئے اورسارے بتوں کے ٹکرے ٹکرے کردیا، صرف بڑے بت کو رہنے دیا
تاکہ ان کے ذہن میں خیال آئے کہ شاید اس بڑے بت نے ان چھوٹے بتوں کو غارت کردیا ہو.
جب مشرکین میلے سے واپس آئے تو سارے معبود وں کو منہ کے بل اوندھے گرے
دیکھ کر ان کے پیروں سے زمین کھسک گئی ۔اور کہنے لگے کہ یہ کون ظالم شخص تھا جس نے
ہمارے معبودں کی ایسی اہانت کی ؟ کچھ لوگوں نے کہا کہ ہم نے ابراہیم کو اپنے ان
معبودوں کی مذمت کرتے ہوئے سنا ہے ۔
قوم کے لوگوں نے مشورہ کیا کہ آؤ سب کو جمع کرو اور اسے بلاؤ، پھراس کی سزا
دو، چنانچہ مجمع ہوا، سب لوگ آگئے، حضرت ابراہیم علیہ السلام بھی ملزم کى حیثيت سے
موجود ہوئے، آپ سے سوال ہوا کہ ہمارے معبودوں کے ساتھ یہ لغو حرکت تم نے کی ہے ؟ اس
پر آپ نے فرمایا:
”بل فعلم کبیر ہم ہذا فاسئلوہم إن کانو اینطقون “
بلکہ يہ کام تو ان کے اس
بڑے نے کیا ہے، تم اپنے ان معبودوں سے ہی پوچھ لو اگر بولتے چالتے ہوں، اس سے مقصود
یہ تھا کہ یہ لوگ خود بخود یہ سمجھ لیں کہ یہ پتھر کیا بولیں گے ؟ اور جب وہ اتنے
عاجز ہیں تو یہ لائق عبادت کیسے ٹھہر سکتے ہیں ۔ اس تحکمانہ جواب نے انہیں تھوڑی
دیر کے ليے ہلا کر رکھ دیا، سخت ندامت اٹھائی اور آپس میں کہنے لگے کہ ہم نے خود
غلطی کی، اپنے معبودوں کے پاس کسی کو حفاظت کے ليے نہ رکھا اورچلے گئے، پھرغوروفکر
کے بعد یہ بات بنائی کہ تم جو یہ کہتے ہو کہ ہم ان سے پوچھ لیں توکیا تمہیں علم
نہیں کہ وہ بولتے نہیں ہیں...؟ ۔
اب ابراہیم علیہ السلام کو خاصا موقع مل گیا، ذرا تلخ لہجے میں ان سے مخاطب
ہوئے:
”قال أفتعبدون من دون اللہ مالا ینفعکم شیئا ولا یضرکم أف لکم ولما تعبدوں من دون اللہ أفلا تعقلون “(سورہ الأنبیا:66۔67)
افسوس کہ تم ان کی عبادت کرتے ہو جونہ
تمہیں کچھ بھی نفع پہنچا سکیں نہ نقصان ،تف ہے تم پراوران پر جن کی تم اللہ کے سوا
پوجا کرتے ہو،کیا تمہیں اتنی سی عقل بھی نہیں.
محترم قارئین! قاعدہ ہے کہ جب انسان دلیل سے لاجواب ہوجاتا ہے تو یا نیکی
اسے گھسیٹ لیتی ہے، یا بدی غالب آجاتی ہے ۔ یہاں ان لوگوں کو ان کی بدبختی نے
گھیرلیا، اوراپنے دباؤکا مظاہرہ کرنے کے ليے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آگ میں
جلانے کا فیصلہ کر بیٹھے، لکڑیاں جمع کی گئیں، زمین میں ایک وسیع اورنہایت
گہرا کنواں کھودا، لکڑیوں سےاسے پرکیا اور اس میں آگ لگا دی گئی ، آگ کے شعلے آسمان
سے باتیں کر رہے تھے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام کو منجنیق کے ذریعہ آگ میں ڈال دیا
گیا، اس وقت جبکہ آپ کو آگ میں ڈالا جا رہا تھا،آپ نے فرمایا:
حسبی اللہ ونعم الوکیل
"اللہ تعالیٰ ہمارے کئے کافی ہے اوروہ بہترین کارساز ہے"
چنانچہ آگ کو حکم الہٰی
پہنچا:
یانار کونی بر دا وسلاما علی ابراہیم
"اے آگ تو ٹھنڈی ہوجا!اورابراہیم کے
ليے سلامتی اور آرام کی چیزبن جا" ۔
ہر طرف آگ کے شعلے نکل رہے تھے، اس میں خلیل اللہ کوڈال دیا گیا تھا لیکن آگ
نے آپ کو چھوا تک نہیں، یہاں تک اللہ عزوجل نے بالکل ٹھنڈا کردیا۔
آج کے اس پر فتن دور
میں جبکہ کفرکی طاقتیں منظم انداز میں اسلام اوراہل اسلام کو مٹانے کے درپے لگی
ہوئی ہیں ضرورت ہے اسی ابراہیمی ایمان کی:
یہ دور اپنے ابراہیم کی تلاش میں ہے
ضم کدہ ہے جہاں لاالہ
الااللہ
اور آج بھی کفر کی شعلہ زن آگ گل گلزار بن سکتی ہے لیکن شرط ہے کہ
ابراہیمی ایمان اپنے دلوں میں جا گزیں کرلیں:
آج بھی ہو جو ابراہیم
ساایمان پیدا
آگ کرسکتی ہے انداز
گلستان پیدا
جب ابراہیم علیہ
السلام نے بت پرستوں کو توحید کی دعوت پہنچا دی، چاند سورج اورکواکب کی پوجا کرنے والوں
کوعقلی دلائل سے سمجھا دیا، اوران کے معبودوں کا بخیہ اتار کران کی بے بسی کوان کے سامنے
سے ظاہرکردیا، اوردہکتی آگ میں ڈالے جانے کے باوجود آگ سے سلامت نکلے ۔ تواب تیسری
جماعت باقی رہ گئی تھی جن تک توحید کا پیغام پہنچانا تھا، تاکہ سارے کافروں پر اتمام
حجت ہو جائے ، چنانچہ آپ اس وقت کے بادشاہ کے پاس آئے جس کا لقب نمرود تھا، اوروہ
اللہ ہونے کا مدعی تھا، اس کے دماغ میں، رعوبت اورانانیت کوٹ کوٹ کربھری ہوئی تھی
،حضرت ابراہیم علیہ السلام سے جب وہ وجود باری تعالیٰ پردلیل مانگی توآپ نے فرمایا:
ربی الذی یحيی ویمیت
میرارب تووہ ہے جوجلاتا اورمارتا ہے، نمرود نے جوابا کہا: یہ
تومیں بھی کرتا ہوں، یہ کہہ کردوشخصوں کواس نے بلوایا جو واجب القتل تھے، ایک کوقتل
کردیا اوردوسرے کورہا کردیا، جب ابراہیم علیہ السلام نے اس کی کند ذہنی اورلچرپن کو دیکھا تواس کے سامنے ایسی دلیل پیش کردی کہ صورة بھی اس کی مشابہت نہ کرسکے:
قال ابرہیم فإن اللہ یأتی بالشمس من المشرق فآت بھا من المغرب فبھت الذی کفر .
" ابراہیم علیہ السلام نے کہا کہ میرے اللہ نے تو یہ تصرف کیا کہ سورج کوحکم دے دیا ہے
کہ وہ مشرق کی طرف سے نکلا کرے چنانچہ وہ نکل رہا ہے، اب تواسے حکم دے کہ وہ مغرب کی
طرف سے نکلے"-
اس کا کوئی ظاہری ٹوٹا پھوٹا جواب بھی اس سے نہ بن سکا اور بے زبان
ہوکربغلیں جھانکنے لگا.
اب ابراہیم علیہ السلام
کا چرچا پورے ملک میں ہوگیا تھا، لوگ ان کے معجزے اورآگ سے سلامت نکلنے کے بارے میں
باتیں کرنے لگے تھے، بادشاہ کے ساتھ ان کارویہ اورانہیں عاجزوساکت کرنے کا معاملہ
عام ہونے لگا تھا، ابراہیم علیہ السلام دعوتی کاز کوپروان چڑھانے میں پوری تندھی سے
لگے ہوئے تھے، آے دن مخالفتوں میں اضافہ ہی ہو رہا تھا، صرف ایک مرد اورایک عورت ان پر
ایمان لائے تھے،عورت کا نام سارہ تھا جو بعد میں آپ کی بیوی بنی اورمرد لوط علیہ
السلام تھے جوبعد میں نبوت سے سرفرازفرمائے گئے.
جب ابراہیم علیہ السلام کے سامنے یہ بات واضح ہوگئی کہ ان کی دعوت پر کوئی
ایمان نہیں لائے گا، توہجرت کا فیصلہ کرلیا، البتہ ہجرت کرنے سے پیشتراپنے والد کو
اسلام کی دعوت دی، لیکن باپ اللہ کا دشمن تھا وہ کب بیٹے کی بات مانتا، چنانچہ آپ نے
اس سے براءت کا اظہارکیا اورلوط اوراپنی بیوی سارہ کو ہمراہ ليے شام، اور حاران سے
ہوتے ہوئے فلسطین پہنچے، پھرمصرگئے.
مصرمیں پہنچنے کے بعد ایک معجزاتی واقعہ پیش
آیا جس کا ذکرصحیح بخاری وصحیح مسلم میں آتا ہے۔
خلاصہ یہ ہے کہ جب آپ مصرپہنچے تو
وہاں کا بادشاہ بڑاظالم تھا، کسی نے بادشاہ کوخبرکردی کہ ایک مسافرکے ساتھ بہترین
عورت ہے، اوروہ اس وقت ہماری سلطنت میں ہے، بادشاہ جھٹ سپاہی بھیجا کہ وہ حضرت
سارہ کولے آئے ، اس نے ابراہیم علیہ السلام سے پوچھا کہ تمہارے ساتھ یہ کون ہے؟ حضرت
ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا: میری بہن ہے، اس نے کہا: اسے بادشاہ کے دربار میں
بھیجو ، آپ حضرت سارہ کے پاس میں گئے اورفرمایا کہ سنو! اس ظالم نے تمہیں طلب کیا ہے
اورمیں تمہیں اپنی بہن بتاچکا ہوں، اگرتم سے بھی دریافت کیا جائے تو یہی کہنا، اس ليے کہ دین کے اعتبار سے تم میری بہن ہو، یہ کہ کر آپ چلے آئے، حضرت سارہ وہاں سے
چلیں، آپ نماز میں کھڑے ہوگئے، جب حضرت سارہ کو اس ظالم نے دیکھا توان کی طرف لپکا، اسی وقت اللہ کے عذاب کی گرفت میں آگیا ہاتھ پاﺅں اینٹھ گئے، گھبرا کرعاجزی سے کہنے
لگا: اے نیک عورت اللہ سے دعا کرکہ وہ مجھے معاف کردے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ پھرتجھے
ہاتھ بھی نہ لگاﺅں گا، آپ نے دعا کی، اسی وقت وہ اچھا ہوگیا، لیکن اچھا ہوتے ہی اس نے
پھرقصد کیا، وہی عذاب الٰہی پرآپہنچا، یہ پہلی دفعہ سے زیادہ سخت تھا، پھرعاجزی
کرنے لگا، غرض تین دفعہ پے درپے یہی ہوا، تیسری دفعہ چھوٹتے ہی اس نے اپنے قریب کے
ملازم کوآواز دی اورکہا: تومیرے پاس کسی انسان عورت کونہیں لایا، بلکہ شیطان کولایا
ہے، جا اسے نکال اورہاجرہ کو اس کے ساتھ کردے ، اسی دن آپ وہاں سے نکال دی گئیں،اورحضرت ہاجرہ آپ کے حوالے کی گئیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام ان کی آہٹ پاتے ہی
نماز سے فراغت حاصل کی اوردریافت فرمایا کہ کہو کیا گزری، آپ نے فرمایا کہ اللہ نے اس
کافر کے مکر کو اسی پرلوٹا دیا اور ہاجرہ میری خدمت کے ليے آگئیں.
حضرت ابو ھریرہ رضی اللہ عنہ یہ حدیث بیان کرکے لوگوں سے کہتے تھے:
تلک أمكم یا بنی ماء السماء
" آسمان کے پانی والو! یہی ہاجرہ تمہاری ماں تھیں"
غرضیکہ يكے بعد دیگرے مصیبتوں میں آپ کی عمر کے مکمل 80 اسی برس بیت گئے، اب
تک ابراہیم علیہ السلام کے گھر کوئی بچہ پیدا نہیں ہوا تھا دل میں اولاد کی خواہش
ہچکولے کھا رہی تھی، چنانچہ حضرت سارہ کی طلب پرآپ نے حضرت ہاجرہ سے شادی کرلی، اور رب کریم کے حضور نہایت عاجزی سے دعا کی :
رب ھب لی من الصالحین. (سورہ الصفات آیت:10)
" اے پروردگارمجھے صالح اولاد عطا کر"۔
دل سے جو بات نکلتی ہے
اثررکھتی ہے
پر نہیں طاقت پرواز
مگررکھتی ہے
چنانچہ دعا قبول ہوتی ہے اورحضرت ہاجرہ علیہ السلام کے بطن سے حضرت اسماعیل علیہ السلام پیدا ہوئے، کبرسنی میں بچہ پاکر ابراہیم علیہ السلام کے دل میں خوشی کی لہریں دوڑنے لگیں، لیکن
دوسری طرف رب حکیم کی طرف سے آزمائش کا سلسلہ شروع ہوا، ابراہیم علیہ السلام کو
حکم ہواکہ اپنی بیوی ہاجرہ اورنوزائيده بچہ اسماعیل عليه السلام کومکہ کے لق ودق ریگستان میں رکھ آئیے،
حکم کی تعمیل میں پس وپیش کئے بغیر اپنے لخت جگر اسماعیل اوراپنی اہلیہ
ہاجرہ کو لیے غیرآباد شہر میں پہنچ جاتے ہیں ، خوردونوش کے کچھ سامان ان کے ساتھ
رکھ دیتے ہیں،اورلوٹنے کے ليے مڑتے ہیں، بیوی تیزی سے ان کے پیچھے لگتی اوربولتی
ہے:
"ابراہیم! اس بے آب وگیاہ سرزمین میں چھوڑکرتم کہاں جارہے ہو"-
کوئی جواب نہیں مل رہا ہے، خاموش ہیں، چلتے جارہے ہیں
اوریہ پوچھتی جارہی ہیں، بالآخر خیال آتا ہے کہ شاید اللہ کا حکم ہے، پوچھتی ہیں: کیا آپ کواللہ کاحکم ملا ہے؟ جواب ملتا ہے، ہاں. وفاشعاراورمومنہ بیوی بول اٹھتی ہیں،جب اللہ ہمارے ساتھ ہے اوراسی کا حکم
ہے تو پھرہم ضائع نہیں ہوسکتے ، ابراہیم علیہ السلام چلے یہاں تک کہ ایک پہاڑ کی
اوٹ میں آکر کھڑے ہوئے، اپنا دونوں ہاتھ آسمان کی طرف اٹھایا اوردعا کی :
ربنا إنی أسکنت من ذریتی بواد غیر ذی زرع عند بیتک المحرم
" اے ہمارے پروردگار! میں نے اپنی
کچھ اولاد کو اس بے کھیتی کے جنگل میں تیرے حرمت والے گھرکے پاس بسائی ہے"۔
خانہ کعبہ جس کی تعمیر حضرت آدم علیہ السلام نے کی تھی، اس کے صرف نشانات
باقی رہ گئے تھے، حکمت الٰہی اس بات كى متقاضی ہوئی کہ یہ وادی آباد ہو، خانہ کعبہ کی
تعمیرعمل میں آئے جسے ہم قبلہ بنا سکیں.
الغرض ابراہیم علیہ السلام لوٹ چکے ہیں، ہاجرہ علیہ السلام اپنے شیرخواہ بچے کے ہمراہ بے آب وگیاه وادی میں بسی ہوئی ہیں، دو دن کے بعد سامان خوردونوش ختم ہوجاتا ہے، ماں کا دودھ سوکھ چکا ہے، ہاجرہ
اوراسماعیل بے قرارہیں ،نہایت سخت اور سنگین صورت حال ہے،اسماعیل پیاس سے
رورہے ہیں، ماں پانی کی تلاش میں سرگرداں ہے، کبھی تیزی سے صفا پہاڑپر چڑھتی ہیں کہ
شاید کوئی کنواں، انسان یا قافلہ دکھائی دے لیکن کچھ نہیں دیکھتی ہیں، صفا سے اتر کرمروہ تک دوڑتی ہوئی جاتی ہیں، مروہ پرچڑھتی ہیں کہ شاید کوئی
دیکھ جائے، لیکن کسی آدمی آدم ذات کا پتہ نہیں، لوٹ کرشیرخواہ بچے کے پاس آتی ہیں، بچہ شدت پیاس سے تڑپ رہا ہے، بے کلی کے عالم میں تیزی سے صفا کى طرف آتی ہیں
پھرمروہ کى طرف دوڑتی ہیں، اس طرح جاتے اورلوٹتے ہوئے سات چکر کاٹ لیتی ہیں ۔
حضرت ہاجرہ علیہا السلام کی اسی یاد کوتازہ رکھنے کے ليے ہمیں حکم دیا
گیا کہ حج وعمرہ میں صفا ومروہ کا سات چکر لگائیں:
صفا اورمروہ کی یہ دوڑکیا ہے
تلاش
ہاجرہ کے نشان قدم کی
بہرکیف ساتویں بارحضرت ہاجرہ علیہا السلام تکان زدہ، شکستہ
بدن اپنے شیرخوار بچے کے بازو میں آکربیٹھ جاتی ہیں، کثرت بکا اورشدت پیاس کے باعث
آوازبیٹھتی جارہی تھی، اچانک باران رحمت برستی ہے، اسماعیل علیہ السلام روتے ہوئے
، زمین پر پیر پٹختے ہیں، اور پیرکے نیچے سے چشمہ زمزم رواں ہوجاتا ہے، اس طرح ماں
اوربچے دونوں موت کے منہ سے نکل جاتے ہیں ۔
پھرقرآن کے بیان کے مطابق:
فلما بلغ معہ السعی.
جب اسماعیل علیہ السلام
چلنا پھرنا سیکھ گئے،اور بقول فراء جب تیرہ برس کی عمرمیں قدم رکھا تو ابراہیم علیہ السلام
کی دوسری آزمائش شروع ہوئی ، خواب میں حکم دیا گیا کہ اپنے نورچشم اسماعیل کو اللہ
کے راستے میں قربان کیجئے ، ذراغورکریں کتنی تمناﺅ کے بعد بچہ ملا تھا، بڑاھاپے کی
لاٹھی ہے، آنکھوں کی ٹھنڈک اور جگرکا ٹکرا ہے، لیکن ہے حکم الہٰی، اپنے نورنظر کے پاس آتے
ہیں اورکہتےہیں:
یا بنی إنی أری فی المنام أنی أذبحک فانظرماذا تری.
میرے پیارے بچے
میں خواب میں اپنے آپ کو تجھے ذبح کرتے ہوئے دیکھ رہاہوں اب توبتا کہ تیری کیا رائے
ہے؟ فرمانبردار بیٹا کیا جواب دیتا ہے:
یا أبت افعل ما تؤمر ستجدنی إن شاء اللہ من الصابرین.
" اباجان!آپ وہی کچھ کیجئے جس کا آپ کو حکم دیا گیا ہے، آپ مجھے اس امر میں
بردبار پائیں گے".
پھروقت آتا ہے کہ منیٰ کی تاریخی
رتیلی زمین میں ابراہیم علیہ السلام اپنے لخت جگرکوچہرے کے بل لٹا چکے ہیں، ابراہیم عليه السلام کا چاقو اسماعیل کى گردن پر برابرمتحرک ہے.امام سدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ایک طرف اللہ تعالیٰ نے ابراہیم علیہ السلام کوحکم دیاکہ اپنے ہاتھ سے اپنے بیٹے
کو ذبح کرو اورادھرچاقو کوحکم دیا کہ تم ہر گزنہ کاٹنا۔
رب کریم نے حکمت کے اسرارمنکشف
کرکے متوسط جبریل جنت سے ایک دنبہ بھیج دیا،اوراسماعیل عليه السلام کے بدلے اس دنبہ کوذبح
کرا کر فرمایا:
ونادیناہ أن یا إبراہیم قد صدقت الرؤیا، إنا کذلک نجزی المحسنین، إن ھذا لھوالبلاء المبین وفدینٰہ بذبح عظیم (سورہ الصفات :104)
" ہم نے آوازدی کہ اے ابراہیم یقینا تم نے اپنے
خواب کوسچا کردیکھایا۔ بیشک ہم نیکی کرنے والوں کواسی طرح
جزا دیتے ہیں، درحقیقت یہ کھلا امتحان تھا ،اورہم نے ایک بڑا ذبیحہ اس کے فدیہ میں دے
دیا" ۔
یہی وہ ابراہیمی سنت ہے جسے
ہرسال لاکھوں انسان جانورکی شکل میں پیش کرکے مغفرت کے سمندرمیں غوطہ زن ہوتے ہیں.
اخیر میں حضرت ابراہیم اورحضرت اسماعیل علیہما السلام دونوں نے مل کر اللہ
تعالیٰ کی ہدایت کے ماتحت خانہ کعبہ کی تعمیر فرمائی، پھراللہ کا حکم ہوا:
وأذن فی الناس بالحج یأتوک رجالا وعلی کل ضامر یأتین من کل فج عمیق.
”اورلوگوں میں حج کے لئے پکار دے کہ تیرے
پاس پیدل آئیں اوردبلے دبلے اونٹوں پر سوارہوکرہرایک دورکی راہ سے چلے آئیں"
چنانچہ وہ آوازجوجنگل میں ابراہیم
علیہ السلام کے منہ سے نکلی تھی ہرخدا پرست کے کانوں تک پہنچی اورآج تک اس کا اثر ہے
کہ دنیا کے اطراف واکناف سے لوگ کھینچے ہوئے اس مرکزرشد وهدايت کی طرف چلے آرہے ہیں.
دنیا کے بت کدوں میں
پہلاوہ گھرخداکا
ہم اس کے پاسباں ہیں وہ
پاسباں ہمارا
اخیر میں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں أسوہ ابراہیمی کو اپنانے کی
توفیق بخشے آمین یارب العالمین
0 تبصرہ:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔
اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔