جمعرات, جولائی 04, 2013

والدین کی رضا مندی سے شادی


سوال: 

میرے رشتہ دار میں ایک لڑکی ہے جس سے میں شادی کرنے کا خواہشمند ہوں تاہم میرے والدین اس سے شادی کرنے پر راضی نہیں ہیں ‘ وہ بضد ہیں کہ میں اس سے شادی نہ کروں؟ ( رضوان : کویت )

جواب:

مغربی تہذیب کے اثرات اور مردوزن کے آزادانہ اختلاط کے نتیجے میں آجکل اس طرح کے معاملات بہت زیادہ سامنے آرہے ہیں ۔ لڑکے اور لڑکیوں کی پسند الگ ہوتی ہیںجبکہ ان کے والدین کی پسند الگ۔
اس سلسلے میں اصولی بات یہ ہے کہ لڑکی کی شادی میں ولایت کی شرط رکھی گئی ہے ،بغیر ولی کے لڑکی اپنی شادی نہیں کرسکتی جبکہ لڑکا اپنی شادی کا کلی اختیار رکھتا ہے ، وہ جہاں چاہے اپنی شادی کرسکتا ہے ،والدین کا کام تعاون کرنا ہے اور بس ۔ ہر والدین کو سمجھنا چاہیے کہ وہ اپنے لڑکے کے لیے عمدہ اور نفیس کپڑا چن سکتے ہیں، لذیذ اور مزیدار کھانے کا انتخاب کر سکتے ہیں لیکن کوئی ضروری نہیں کہ وہ اپنے لاڈلے کے لیے ایسی بیوی اختیار کرپائیں جس سے اسے پُرسکون اور خوشگوار ازدواجی زندگی میسر ہو ۔
آپ بھی یاد رکھیں کہ ہروالدین اپنے جگرگوشے کی خیرخواہی ہی چاہتے ہیں، ممکن ہے مذکورہ لڑکی سے شادی پررضامند نہ ہونے کی کوئی معقول وجہ ہوجس کی طرف آپ کا دھیان ابھی نہیں جا رہا ہے، اس لیے افضل یہی ہے کہ آپ ایسی دوشیزہ سے شادی کریں جسے والدین پسند کرتے ہوں تاکہ شادی کے بعد والدین اور بیوی میں ہم آہنگی کی صورت پائی جائے تاہم والدین کی بات رکھنے کے لیے ایسی لڑکی سے شادی کرنے پر حامی نہ بھریں جسے آپ پسند نہ کرتے ہوں ۔ اس سلسلے میں میری رائے یہ ہوگی کہ آپ اپنے والدین کو لڑکی کے تئیں قائل کرنے کی کوشش کریں،اپنے چچا، اپنی پھوپھیوں ، اپنی خالاؤں یا رشتے دار میں جو والدین کی نظر میں باعزت سمجھے جاتے ہوں ان کے ذریعہ والدین تک اپنے دلی جذبات پہنچائیں ۔
اگر ہرطرح کی کوشش کے باوجود والدین بضد ہیں توان کی رضامندی کو ترجیح دیں اور انہیں ناراض کرکے مذکورہ لڑکی سے شادی نہ کریں یا کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جو والدین کی ناگواری کا باعث بنے ۔اسی میں دین ودنیا کی بھلائی مضمر ہے ۔

0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔