پیر, دسمبر 23, 2013

عظمت اسلام


جب تک مسلم معاشرہ اسلامی تعليمات کومضبوطی سے تھامے رہا ہر طرح کے افتراق وانتشار اورفساد وانارکی سے محفوظ رہا اور اس ميں کسی طرح کی تبديلی در نہ آسکی۔ اسلام کے تابناک ادوار ميں عالم اسلام کی قوت کا رازيہی تھا اورتنزلی کے اس دورميں زبوحالی پرقابو پانے کا رازبھی يہی ہے۔
يہ دھرتی مختلف اصول ونظريات، قوانين ونظم اور تہذيبوں پرمشتمل طرزفکر اورمعاشرے کا تجربہ کرچکی ہے،اب يہ کہنا بالکل سچ ہوگا کہ اسلام کا اجتماعی نظام ان سارے نظاموں ميں جسے انسانيت نے آج تک پرکھاہے افضل ،نماياں ترين اور سعادت بخش ہے ۔اس کی آمدہی اس ليے ہوئی ہے تاکہ زندگی کی قيادت کرے، اس کے باگ وڈور کو تھامے رہے اور انسانيت کے سامنے ايسا لائحہءعمل پيش کرے جس کی روشنی ميں وہ اپنا جادہ ومنزل متعين کرسکيں ۔
اسلام نے اسلامی خاندان اور اسلامی معاشرہ کو نہايت ٹھوس،انصاف پسند،متوازن اورقرارپذيرنظام پر قائم کيا ہے جس کی بنياد فضيلت اور تقوی پر رکھی گئی ہے اوراسے احساسات،جذبات اورخواہشات پرکنٹرول رکھنے کے تمام حفاظتی تدابير فراہم کيا ہے ۔چنانچہ رسول اکرم صلى الله عليہ وسلم  نے نظام اسلامی کی بنياد اخلاق حسنہ کو قرار ديتے ہوئے بايں الفاظ فرمايا: 
 اِنَّمَا بُعِثتُ لِاُتَمِّمَ مَکَارِمَ الاخلَاقِ  ( مسند البزار وصححه الألباني في الصحيحة )
 "مجھے اس ليے بھيجا گيا ہے تاکہ مکارم اخلاق کی تکميل کردوں"۔
انسان کا اپنے پروردگار کے ساتھ تعلق
وہ بنياد جس پربندے کا اپنے خالق کے ساتھ تعلق قائم ہوتا ہے وہ کلمہءشہادت" لا الہ الا اللہ ..."ہے جس کا مطلب ہے” اللہ کے علاوہ کوئی معبودبرحق نہيں “۔ اپنے پروردگار کا سچا بندہ وہی ہے جواپنی زندگی کے ہرمعاملات اور حالات ميں اللہ تعالی کی طرف رجوع کرے،اسی پراعتماد اوربھروسہ کرے،اسی سے خوف کھائے،اور اس کی شريعت کو قائم و نافذ کرنے ميں کوشاں رہے۔
عبادات نفس کوپاکيزہ ومہذب بناتى ہيں ،ہرحالت ميں اللہ کی نگرانی کا احساس انسان کو اس قابل بناتاہے کہ وہ برائيوں سے رک جائے اورنيک اعمال کی بجاآوری ميں جلدی کرے۔
بلکہ عبادات صلہ رحمی،عدل وانصاف،امانت وديانت،ايفائے عہد،سچائی،جودوسخا،ربط باہم،ايثار وقربانی اور ديگر اخلاق حميدہ پرابھارتى ہيں ، چنانچہ جب انسان کا تعلق اپنے پروردگار کے ساتھ منضبط ہوجاتا ہے تو افراداور معاشرہ کے بيچ تعلقات کا وسيع باب کھل جاتاہے اور پورا معاشرہ امن وسکون کا گہوارہ بن جاتا ہے ۔ اور اس تعلق کوبحال کرنے ميں کليدی رول دراصل عبادت اور وحدانيت کا ہوتاہے ۔ ( عربى سے ترجمہ )


0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔