بدھ, نومبر 04, 2009

شريک حيات اور پرديسى زندگی


اگر آپ ازدواجی زندگی کے ميدان ميں قدم رکھ چکے ہيں تو آپ پر اپنے اہل خانہ کے تئيں بےشمار ذمہ دارياں عائد ہوتی ہيں۔ اگر آپ کی رفيقہ حيات آپ کے ہمراہ ہيں تو اس نعمت پر اللہ کا شکر بجا لائيں کہ اس ذات نے ترک وطن کے باوجود آپ کے ذہنی وقلبی سکون کا سامان بہم پہنچايا البتہ ان کی دينی تربيت کا خاص خيال رکھيں، پنج وقتہ نمازوں کی ادائيگی کا حکم ديں، مساجد ميں منعقد ہونے والے ہفتہ واری اجتماعات ميں خود شريک ہوں اور اہل خانہ کواپنے ہمراہ لے جائيں، ان کے ليے گھر ميں ترغيب وترہيب اور دينی احکام سے متعلق کتابوں کی چھوٹی لائبريری رکھيں تاکہ موقع بموقع ان کتابوں کا مطالعہ کرتی رہيں اوران کا دين سے تعلق مضبوط رہے۔ اگر آپ کی شريک حيات آپ کے ملک ميں ہيں تو ان کے تعلق سے چند باتوں کاخيال رکھنا ازبس ضروری ہے:

٭ ان کی رہائش کا انتظام ايسی جگہ کريں جو بالکل مامون ومحفوظ ہو جہاں ان کے محرم رہتے ہوں، اگرآپ کے گھرپرمشترکہ طرز رہائش ہے جہاں غيرمحرم مردوں کی آمدورفت ہوتی رہتی ہے تووہاں بہرصورت احتياط برتنے اورپردے کا خاص اہتمام کرنے کی ضرورت ہے کيوں کہ اللہ کے رسول صلى الله عليه وسلم کا فرمان ہے : 
[ اَلحَموُ المَوتُ]   (صحيح بخاری) ”ديور موت ہے“۔

٭ ان کے اخراجات اور نان ونفقہ کے ليے ہميشہ پيسے بھيجتے رہيں اورکسی کا دست نگرہرگز نہ بننے ديں گووہ ميکے ميں ہوں ۔

٭جس طرح آپ کواجنبيت کااحساس ہوتاہے اسی طرح آپ کی شريک حيات بھی آپ سے دور رہنے کے باعث تنہائی محسوس کرتی ہيں لہذا بذريعہ فون ہميشہ ان سے رابطہ رکھيں، ان کے جذبات کی قدر کريں، ان کے صبروشکيبائی کاشکرادا کريں، اور ان سے خوش دلی اورشگفتہ مزاجی کے ساتھ باتيں کريں ۔

٭ دور رہ کر بھی ان کی دينی تربيت کرتے رہيں،  پنج وقتہ نمازوں کی پابندی،  قرآن کريم کی تلاوت، نفلی روزے کے اہتمام اور نفع بخش کتابوں کے مطالعہ پر ابھارتے رہيں، بسااوقات ان کے ليے تحفے تحائف بھی بھيجتے رہيں اور تنہائی ميں ہميشہ اللہ رب العزت سے دعا کرتے رہيں کہ:
 ”بارالہا ! ہمارے اہل وعيال کی حفاظت فرما اور جدائی کے غم کو ہلکا کردے“ ۔ آمين



0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔