جمعہ, مارچ 11, 2011

IPC کے شب وروز


ڈاکٹر ذاکر نائک کا دعوتی لکچر کویت میں

مارج کے دوسرے ہفتہ میں عالمی شہرت یافتہ داعی  اور اردو وانگریزی چینل پیس ٹی وی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر ذاکر نائک وزارة الاوقاف کویت کی خصوصی دعوت پر انٹر ویوکے لیے کویت تشریف لائے تھے ۔ اس مناسبت سے دکن مسلم کمیونٹی کے زیراہتمام گلف یونیورسٹی کے ہال میں تعلیم یافتہ غیرمسلموں کے لیے ڈاکٹر ذاکرنائک کا ایک لکچر رکھا گیا جس میں آپ نے ”قرآن اور جدیدسائنس “ کے موضوع پر لکچر دیا آپ نے فرمایاکہ قرآن سائنس کی کتاب نہیں ہے بلکہ ہدایت کی کتا ب ہے ، اس کتاب میں چھ ہزار سے زائد آیا ت ہیں جن میں ایک ہزار سے زائد آیات کا تعلق سائنس سے ہے ۔ کائنات کی وسعت پزیری ، فنگرپرنٹ ، پہاڑوں کی تخلیق کی حکمت اور انسانی تخلیق کے مختلف ادوار پر سیر حاصل گفتگو کی اور پروگرام کے اخیر میں حسب معمول غیرمسلموں کے سوالات کے تشفی بخش جوابات دئیے ۔

 شیخ احمد مراد رضا کا لکچر
ماہ گذشتہ IPC نے سعودی عرب میں ایک عرصہ سے مقیم شیخ احمدمراد رضا کے ایک دعوتی لکچر کااہتمام کیا جس سے IPC کے تمام دعاة نے استفادہ کیا ۔ شیخ رضا نے کہا ” دعوت انبیائی کام ہے جسے وظیفہ اورنوکری سمجھ کرنہیں بلکہ اللہ کا کام سمجھ کر اخلاص وللہیت کے ساتھ انجام دینا چاہیے“ ۔ آپ نے دعوت کوکامیاب کرنے کے لیے فرمایا:” سب سے پہلے مخاطب کا دل جیتنے کی ض رورت ہے“۔
آپ نے نومسلموں کے خانگی مسائل اور اپنے رشتے داروں کو اسلام پیش کرنے کے تئیں موجودہ حالات میں پیش آنے والی مشکلات کا جواب دیتے ہوئے فرمایا : ” نومسلموں کو ہمیشہ تاکید کی جائے کہ اپنے قریبی رشتے داروں اورماں باپ کو اسلام کی دعوت پہنچانے میں جلدی نہ کریں بلکہ قبول اسلام کے بعد ان کے سامنے اسلامی اخلاق کااعلی نمونہ پیش کریں اور جب سفرپر جائیں تو ان کے لیے معمول سے زیادہ قیمتی تحفہ وغیرہ لے کرجائیں ، والدہ کے سرکو بوسہ دیں ،ان کا ہاتھ چومیں اور انہیں بتائیں کہ یہ آداب میں نے مسلمانوں سے سیکھے ہیں ۔اس کے بعد انہیں موت کی یاد دلاتے ہوئے توحید ،رسالت اورآخرت کا پیغام سنائیں ان شاءاللہ ہدایت ملے گی اور کسی طرح کے مسائل بھی پیدا نہ ہوں گے “۔
دعاة کے لیے دعوتی ٹریننگ کورس
IPC نے دعاة کے دعوتی تجربات میں جدت لانے کے لیے سعودی عرب کے معروف داعی ڈاکٹر ناجی العرفج کودعوت دے کربلایا اور دعاة کے لیے ایک دعوتی ٹریننگ کورس منعقدکیا۔ آپ نے پاور پوائنٹ کے ذریعہ ”غیرمسلموں کے سامنے اسلام کا تعارف : قدم بقدم “ کے موضوع پر نہایت وقیع اورمعلومات افزا لکچر دیا۔ آپ نے فرمایا:” دعوت کے میدان میںسب سے پہلے مدعو کا دل جیتنے کی ضرورت ہے“،اس ضمن میں آپ نے دلوںپر قابو پانے کے چند وسائل کا ذکر کرتے ہوئے تاکید کی کہ غیرمسلموں کے سامنے چندمعروف اسماءومصطلحات کی وضاحت ضرورکی جائے مثلاً اسلام میں اللہ کا تصورکیا ہے ؟ محمد صلى الله عليه وسلم  کون ہیں؟ قرآن کیا ہے ؟ مسلم کسے کہتے ہیں ؟ اسلام کیا ہے ؟ وغیرہ
 آپ نے فرمایا کہ غیرمسلم کے سامنے اسلام کے محاسن بیان کیے جائیں اور اس کے جمالیاتی پہلووں پر روشنی ڈالی جائے۔مثلاً (1) اسلام میںتوحید کا تصور اور دیگرادیان سے اس کا موازنہ  (2) سکون وطمانیت (3) مساوات اور عدل وانصاف (4) اعتدال وتوازن (5) اسلامی بھائی چارہ (6) مکارم اخلاق وغیرہ
 آپ نے مزیدفرمایا: مدعو سے کہاجائے کہ اسلام ہر سوال کا تشفی بخش جواب دیتا ہے مثلاً اللہ کون ہے ؟ خالق کون ہے ؟ ہم کیوں پیدا کیے گئے ؟ ہم کس کی عبادت کرتے ہیں ؟ موت کے بعد کیا ہوگا ؟ انسان کا اخروی انجام کیا ہوگا؟۔ وغیرہ
 اسی طرح آپ نے تاکید کی کہ مختصر طورپر مدعو کے سامنے ارکان اسلام اور ارکان ایمان کا تعارف کرایا جائے، نیز غیرمسلموں کی مذہبی کتابوں میں توحید ورسالت اور یوم آخرت کا جو ذکر ہے اورنبی پاک صلى الله عليه وسلم  کی آمد کی پیشین گوئیاں کی گئی ہيں انہیں بھی بیان کیاجائے ۔
اخیر میں آپ نے فرمایا کہ داعی کوچاہیے کہ اپنا تعلق اللہ سے مضبوط رکھے اور مدعو کی ہدایت کے لیے ہمہ وقت دعا گو رہے ۔
کلونجی : طب نبوی اورطب جدید کی روشنی میں
IPC نے الھیئة العالمیة للاعجاز العلمی فی القرآن والسنة کے تعاون سے ڈاکٹر عبدالعزیز الجفری کاایک لکچر رکھا جس سے IPC کے جملہ مرد وخواتین داعیان دین نے استفادہ کیا ۔ آپ نے اپنے لکچر میں کلونجی کے طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایاکہ آج سے ساڑھے چودہ سوسال پہلے نبی امی صلى الله عليه وسلم  نے فرمایاتھا: علیکم بھذہ الحبة السوداءفان فیھا شفاء لکل داء الا السام (رواہ البخاری )
 ”کلونجی کو(بطور علاج )لازم پکڑوکیونکہ اس میں موت کے سوا ہر بیماری سے شفا ہے “۔ آج یہ بات جدید تحقیقات نے بھی ثابت کردی ہے۔ اوراس پردنیا بھر میں ہزاروں مطالعے اور تحقیقات جاری ہیں۔ آپ نے فرمایا:اب تک کی گئی تحقیق کے مطابق کلونجی کینسر،ایچ آئی وی ایڈز، ذیا بیطس، بلڈ پریشر اور ہائپر کولیسٹرول وغیرہ کے علاج میں انتہائی مو ثر پایاگیاہے۔ آپ نے فرمایاکہ کلونجی کے استعمال سے مریضوں کی قوتِ مدافعت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا، اسی طرح کلونجی معدہ اورپیٹ کے امراض ، یادداشت میں کمی، رعشہ، دماغی کمزوری، فالج اور افزائش دودھ کے لیے اکسیر کی حیثیت رکھتا ہے ۔ آپ نے یہ بھی کہا : کلونجی کا سفوف نصف سے ایک گرام تک صبح نہار منہ اور رات کو سونے سے قبل شہد کے ساتھ استعمال کر لیا جائے تو بہت مفید ہے۔ اخیر میں آپ نے فرمایا: کلونجی کے استعمال میں یہ امر پیش نظر رہے کہ یہ طویل عرصہ اور زیادہ مقدار میں استعمال نہ کی جائے کیونکہ اس میں کچھ مادے ایسے بھی ہوتے ہیں جو صحت کے لیے مضر ہوسکتے ہیں۔
پروگرام کے اخیر میں آپ نے قرآن وحدیث کے سائنسی معجزات سے متعلقہ متعدد ویب سائٹس کے پتے نوٹ کرائے جن میں چند اہم یہ ہیں :
 www.eajaz.org.com   www.elnaggarzr.com
www.drchamsipasha.com

0 تبصرہ:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مذكورہ مضمون آپ نے کیسا پایا ؟ اپنے گرانقدر تاثرات اورمفید مشورے ضرور چھوڑ جائیں، یہ ہمارے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔